پاکستان میں کورونا کے باعث مریضوں اور اموات میں اضافہ، گورنر سندھ قرنطینہ چلے گئے ، قریبی لوگوں کے ٹیسٹوں کا بھی فیصلہ
Apr 28/2020
کورونا وائرس نے پاکستان میں اپنے وار تیز کر دیئے ہیں اور مزید 6 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد موذی وبا سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 301 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد 14 ہزار سے بڑھ چکے ہیں ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 6 ہزار 417 ٹیسٹ کیے گئے اور 751 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے - جس کے بعد تعداد 14 ہزار 79 پر جا پہنچی ہے ۔کورونا کے 3 ہزار 233 مریض ملک بھر میں صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 111 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، پنجاب 5 ہزار 640، سندھ میں 4 ہزار 956 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا 1 ہزار 984، بلوچستان میں 853 مریض ہیں جبکہ اسلام آباد 261، گلگت بلتستان 320 اور آزادکشمیر میں مریضوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی ہے۔