کورونا وائرس کے چیلنج پر قابو پانے کی کوششوں میں چین کی حکومت اور عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ترجمان دفترخارجہ "عائشہ فاروقی" کی ہفتہ وار بریفنگ
May 1/2020
ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ کورونا وائرس وبائی امراض کے چیلنج پر قابو پانے کی کوششوں میں چین کی حکومت اور عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، چین نے اب تک چالیس لاکھ امریکی ڈالر نقد عطیات کے علاوہ 390 وینٹیلیٹرز، لاکھوں ٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک، پانچ ملین سرجیکل ماسک، 42,000 حفاظتی سوٹ اور دیگر پی پی ای کی امداد فراہم کی ہے، چین کی حکومت اور عوام نے جو ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے پاکستانی عوام اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالہ سے کہا کہ.بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں کے تحت تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ماہ اپریل میں انتس بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، بدنام زمانہ اور غیر قانونی کارروائیوں کے تحت کشمیری صحافیوں کو ہراساں کرنے اور دھمکانے میں مزید تیزی آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کو مقبوضہ کشمیر میں پبلک ایکٹ اور آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت بلاروک ٹوک کام کرنے کی مکمل اجازت ہے۔ ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003ء کے سیز فائر معاہدے کا احترام اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری کے ساتھ سیز فائر کی خلاف ورزیوں کی تمام کارروائیوں کی تحقیقات کرے۔ ترجمان نے دراندازی کی کوششوں کے بھارتی الزامات اور لائن آف کنٹرول کے آر پار لانچ پیڈوں کو نشانہ بنانے کے بے بنیاد بھارتی دعوﺅں کو مسترد کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی برادری مناسب اقدامات کرتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاو¿ کےلئے مسلمانوں کو ذمہ دار ٹھہرانے سے متعلق بی جے پی حکومت کی منظم مہم کا نوٹس لے اور بھارت کو مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو تحفظ دینے کا پابند بنائیں۔ ترجمان نے کہا کہ اقلیتوں پر مظالم کے خلاف اب تو بھارت کے اندر سمیت پوری دنیا سے آوازیں اٹھ رہی ہیں اور دنیا بھر میں بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کی مذمت کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کی تازہ ترین رپورٹ میں ہندوستان کے طرز عمل پر کڑی تنقید کی گئی ہے اور امریکی کمیشن مذہبی آزادی رپورٹ میں بھارت کو اقلیتوں کیلئے خطرناک ملک قرار دےدیا گیا۔ امریکی کمیشن کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس وبائی امراض کے درپیش چیلنج پر قابو پانے کی کوششوں میں چینی حکومت اور چینی عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں، پاکستان میں کوویڈ۔ انیس کے پھیلنے کے بعد سے چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے اور اب تک 40 لاکھ ڈالر نقد کے علاوہ 390 وینٹیلیٹرز، 330,000 ٹیسٹنگ کٹس، 830,000 این 95 ماسک، پانچ ملین سرجیکل ماسک، 42 ہزار حفاظتی سوٹ اور لاکھوں دیگر پی پی ای کے عطیات فراہم کئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کو مادی اور اخلاقی امداد فراہم کرنے پر چین کی حکومت اور چین کے عوام کے بے حد مشکور ہیں۔ چینی حکومت اور عوام نے جس ہمدردی اور فیاضی کا مظاہرہ کیا ہے پاکستانی عوام اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے